طالبان ضلع کچہری حملے میں ملوث ہوئے تو مذاکرات سے علیحدہ ہو جاؤں گا، پروفیسر ابراہیم

Prof. Ibrahim

Prof. Ibrahim

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہم جن لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں اگر وہ ضلع کچہری حملے میں ملوث ہوئے تو میں مذاکراتی کمیٹی سے الگ ہو جاؤں گا۔

اسلام آباد سیکٹر ایف ایٹ کے ضلع کچہری میں خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ یہ حملہ جس نے بھی کیا وہ درندے انسانیت کے مجرم ہیں، اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، پر امید ہوں کہ اس میں طالبان ملوث نہیں ہوں گے لیکن اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ یہ حملہ طالبان نے کیا تو میں سب سے پہلے ان پر لعنت بھیجوں گا اور اپنے آپ کو مذاکراتی کمیٹی سے علیحدہ کر لوں گا۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ ضلع کچہری میں خودکش حملہ، دستی بموں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان سمیت 11 افراد جاں بحق جب کہ 35 زخمی ہوگئے تھے۔