کراچی (جیوڈیسک) طالبان رابطہ کمیٹی نے وفاق کو پس پردہ رابطوں میں آگاہ کیا ہے کہ طالبان شوریٰ نے حکومتی کمیٹی سے آئندہ براہ راست ملاقات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، تاہم وہ حکومت کے جواب کی منتظر ہے کہ حکومتی تحویل میں موجود غیر عسکری طالبان کے حوالے سے حکومت کیا حکمت عملی اپناتی ہے۔ ، اس حوالے سے حکومتی پالیسی سے انھیں آگاہ کیا جائے ، تاہم طالبان کے درمیان ان کی تحویل میں موجود سویلین افراد کی رہائی کا معاملہ زیر بحث ہے۔ آئندہ چند روز میں ان افراد کی رہائی کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔
اہم ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مولانا سمیع الحق اور دیگر کی ملاقات کے بعد مولانا یوسف شاہ نے حکومتی پیغام سے طالبان شوریٰ کو آگاہ کر دیا تھا کہ حکومت مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے پر تیار ہے ، تاہم مزید بات چیت کے لیے ضروری ہے کہ سیز فائر میں توسیع کی جائے اور طالبان کی قید میں موجود سویلین قیدیوں کی رہائی کا فوری اعلان کیا جائے۔
طالبان رابطہ کمیٹی کے اہم رکن کو اس حوالے سے طالبان شوریٰ نے مثبت جواب دیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ طالبان شوریٰ کی جانب سے حکومت اور طالبان کمیٹیوں میں ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ چند روز میں مشاورت کرکے سیز فائر میں توسیع کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔