ملک کو دہشت گردی سمیت سنگین مشکلات کا سامنا ہے ، شرجیل میمن

 Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سنگین مشکلات کا سامنا ہے اور عقلمندی یہی ہے کہ تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں متحد ہو کر کام کریں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے اس وقت میڈیا میں جو باتیں آرہی ہیں وہ مفروضے پر مبنی ہیں، دونوں جماعتوں کے مابین کافی حد تک بات چیت ہو چکی ہے جو بھی فیصلہ ہو گا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت اور رضا مندی سے ہو گا۔

وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس وقت ملک کو دہشت گردی سمیت دیگر کئی مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں متحد ہوکر اس کا مقابلہ کریں اور عوام کی خدمت کریں، اس وقت ذرائع ابلاغ پر چلنے والی تمام خبریں مفروضے پر مبنی ہیں اورآئندہ چند روز میں جو بھی فیصلہ ہو گا عوام کے سامنے آجائے گا، تمام جماعتوں کو موجودہ حالات میں مل جل کر کام کرنا چاہیے۔