طالبان کے بعد حکومت بھی جنگ بندی کرے، رستم شاہ مہمند

Rustam Shah Mohmand

Rustam Shah Mohmand

پشاور (جیوڈیسک) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ طالبان نے جنگ بندی کا اعلان حکومتی مطالبے پرکیا، اب حکومت بھی جنگ بندی کرے، حکومتی کمیٹی کے اراکین ایک دو روز میں صورتحال پر جائزے کیلئے بیٹھیں گے۔

رستم شاہ مہمند کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد اعتماد کی فضا قائم ہوگی، اعتماد بڑھانے کیلئے فریقین میں قیدیوں کا تبادلہ ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے جنگ بندی کی معیاد میں توسیع کا مطالبہ کرے۔ رستم شاہ نے کہا کہ مسائل کے حل میں وقت لگے گا، طالبان نے درخواست اور دباوٴ کے باعث جنگ بندی کا اعلان کیا، طالبان کے ساتھ معاہدہ آئین کے اندر رہتے ہوئے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی جنگجووٴں کیلئے قبائلی علاقوں میں تین راستے ہیں، سرینڈر کردیں، علاقہ چھوڑدیں یا پرامن رہنے کی یقین دہانی کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی جنگجو اپنے علاقوں کو واپس نہیں جاسکتے، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ہوگا۔رستم شاہ مہمند طالبان کو بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کے لیے دعا کرنی چاہئے۔