طالبان سے ایک دو روز میں مذاکرات شروع ہوجائینگے، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ طالبان سے ایک دو روز میں مذاکرات شروع ہوجائیں گے ، ملک میں امن ہوگا تو معیشت میں بہتری آئے گی ۔ میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ معیشت میں بہتری کا سلسلہ چل پڑا ہے راول پنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ طالبان سے براہ راست مذآکرات ایک دو روز میں شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر ماضی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، اس وقت بہت سے ملک جو ماضی میں پاکستان سے پیچھے تھے ، آگے نکل چکے ہیں، غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں دہشت گردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گذشتہ دس پندرہ سال میں کوئی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں ہوا۔

نواز شریف نے کہاکہ چالیس ارب روپے کا راورل پنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ دس ماہ میں مکمل ہوگا ، اس کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی میٹرو بس کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ ملکی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے ، اور برآمدات میں اضافہ ہواہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ اسلام آباد کا نیا ایئر پورٹ بھی آئندہ سال کام شروع کردے گا ، جلد لاہور کراچی موٹر وے منصوبے پر کام شروع ہوگا ، اسلام آباد مظفر آباد ریلوے منصوبہ بھی جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ اسی دور حکومت میں ہمیشہ کے لیے لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے اور اگلے سات سال میں مزید 21 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائیں گے ۔اس موقع پر نواز شریف نے باتوں ہی باتوں میں اہلیان پنڈی سے گلہ بھی کر ڈالا کہ انہیں یہاں سے سیٹیں نہیں ملیں۔