طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیا جائے ، منور حسن

Munawar Hassan

Munawar Hassan

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہاہے کہ انتخابی ماحول سازگار بنانے کے لئے طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ جماعت اسلامی اور تحریک تحفظ پاکستا ن کے مقاصد ایک ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کہتے ہیں کہ ملک کو محفوظ بنانے کے بعد وہ اسے اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

منصورہ لاہور میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی محنت شاقہ سے پاکستان کو ایٹمی قوت نہ بنایا ہوتا تو بھارت اور اسلام دشمن قوتیں ہمیں چین سے نہ بیٹھنے دیتیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہاہے جبکہ ہمارے حکمرانوں نے طالبان کی مذاکرات کی پیشکش پر انتہائی غیر سنجیدہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

انہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی سے نجات کے لیے طالبان سے فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے ان کی جماعت جماعت اسلامی سے تعاون کرے گی۔

انہوں نے عوام پرزور دیا کہ ملک کے گلی کوچوں میں پھیل جائیں اور میرے اور سید منورحسن کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچائیں۔ قبل ازیں منصورہ پہنچنے پر قومی ہیرو ، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔