تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر اور سجادہ نشین نیک آباد مراڑیاں شریف حضرت پیر محمد افضل قادری کراچی پہنچ گئے

کراچی گجرات: : تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر اور سجادہ نشین نیک آباد (مراڑیاں شریف) حضرت پیر محمد افضل قادری کراچی پہنچ گئے، علماء اور کارکنوں نے ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں اورنگی ٹاؤن میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نفاذ اسلام کیلئے بنا تھا اور اسکی منزل نفاذ نظام مصطفی ۖ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین کامل اور مکمل ضابطہ حیات ہے، دیگر ادیان کی طرح چند عبادات اور اخلاقیات پر مشتمل نہیں بلکہ معاشرت، معاشیات، اقتصادیات اور سیاسیات کے بارے میں بھی اسلام کامل واکمل رہنمائی کرتا ہے، مسلمانوں پر جس طرح نماز روزہ فرض ہے اسی طرح اجتماعی زندگی میں دین مصطفی ۖکا سیاسی، معاشرتی، معاشی، عدالتی اور اقتصادی نظام عملی طور پر نافذ کرنا بھی فرض ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والے کیلئے قرآن وسنت میں سخت وعیدیں بیان کی گئی ہیں، نظام مصطفیۖ کے نفاذ سے نہ صرف ریاست خوشحال اور مضبوط تر ہو گی بلکہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی برکت سے آخرت کی ابدی سعادات کے حق دار بن جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مملکت خدا داد پاکستان میں نظام مصطفیۖ کے نفاذ اور انسداد فحاشی کیلئے 3 فروری 2014ء بروز پیر 3بجے سہ پہر کراچی پریس کلب کے سامنے زبر دست احتجاجی مظاہرہ کر کے ملک گیر تحریک کا آغاز کرینگے، احتجاجی مظاہرے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے علماء مشائخ صحافیوں اور دیگر شعبۂ زندگی کے مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ اس خالص دینی وایمانی تحریک کا ساتھ دے کر پاکستان کو حقیقی نظام اسلام کا گہوارہ بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان پر شرعا لازم کہ وہ اسلامی اقدار کے فروغ اور فحاشی و بے راہ روی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرے۔