کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتی : قومی اسمبلی میں قرارداد مذمت منظور

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد قومی اسمبلی نے کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کے خلاف قرارداد مذمت منظور کر لی،صدارتی خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر برجیس طاہر نے سابق صدر پر تنقید کی تو پیپلز پارٹی کے ارکان نے شور شرابا اور احتجاج شروع کر دیا ایوان زیریں کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت انوشہ رحمان نے ایوان میں قرار داد پیش کی جس میں کمسن بچیوں سے زیادتی کے واقعات پر اظہار مذمت کیا گیا۔

قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فوری فراہمی کے لئے موثر قانون سازی کی جائے، سابق صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے کہا کہ سابق ادوار میں ایوان صدر کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنایا گیا، نئے صدر کوشش کریں کہ ایسا نہ ہو، سابق حکومت بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی نہ پکڑ سکی، وفاقی وزیر کے ریمارکس پر پیپلز پارٹی کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج کیا۔