تہران : صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا وقت 5 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا

Iran Elections Voting

Iran Elections Voting

تہران (جیوڈیسک)ایران کے صدارتی انتخابات میں تبدیلی کی امید لیے بڑی تعداد میں ووٹرز گھروں سے نکلے، امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا، بے پناہ رش کی وجہ سے ووٹنگ کا وقت 4 گھنٹے جبکہ دارالحکومت تہران میں 5 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا، جمعے کی شب 11 بجے تک دارالحکومت تہران میں ووٹنگ جاری رہی۔

ایران کے وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں زبردست ٹرن آوٹ سامنے آیا ہے اور تہران سمیت بعض شہروں میں ٹرن آوٹ 70 فیصد تک پہنچ گیا۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی بڑی تعداد میں رائے دہندگان کی طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا۔ پولنگ کے وقت میں 3بار اضافہ کیا گیا، پہلے پولنگ کا وقت 6 بجے سے بڑھا کر 8 بجے تک کیا گیا، پھر 8 سے 9 اور آخری بار 9 سے 10 بجے تک کیا گیا۔ تہران میں لوگوں کو پولنگ کیلئے 15 گھنٹے دیے گئے۔

ایرانی الیکشن کی نگرانی شورائے نگہبان نے کی، شورائے نگہبان 12 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 6 علما اور 6 ماہرین قانون ہیں۔ شورائے نگہبان کے ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ موجودہ صدارتی انتخابات کا ٹرن آوٹ ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوگا۔ایران کے صدارتی انتخابات کے موقع پر کراچی میں ایرانی سفارت خانے میں ایرانی شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان میں ایرانی تارکین وطن بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے ایرانی شہریوں کے انتخابات میں حصہ لینے پر خوشی کا اظہار
کیا۔ صدارت کے عہدے کیلئے 6 میدوار مدِ مقابل ہیں جن میں سے بیشتر قدامت پرست ہیں۔