کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم قربانی دے رہی ہے۔
بنوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے قافلے پر حملہ افسوسناک ہے، چوہدری اسلم شہید جیسے بہادر اور فرض شناس پولیس افسر پر فخر ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
اتوار کو کے ای ایس سی کے 100 برس مکمل ہونے پر موہٹہ پیلس میں تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، روشنیوں کے شہر کراچی کی رونقیں بحال ہوں گی۔
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، سب مل کرقومی معشیت میں شہہ رگ کے حامل شہر قائد کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، کراچی میں جرائم میں کمی آئی ہے، بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر 50 فی صد قابو پالیا گیا ہے جبکہ جلد ہی مزید بہتری آئے گی جس سے صنعتی، تجارتی، زرعی اور رہائشی صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔