دہشتگردوں کیخلاف ٹی ٹوئنٹی نہیں ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے، آئی جی خیبر پختون خوا

IG KP

IG KP

ڈی آئی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان جیل کے واقعے میں کلین بولڈ ہونے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خوا کہتے ہیں کہ بلے اور گیند کا کھیل جاری رہے گا، دہشت گردوں کے خلاف ٹی ٹوئنٹی نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خوا احسان غنی نے ڈیرہ اسماعیل خان جیل واقعہ پر آخر چپ کا روزہ توڑ ہی دیا۔ کم بولے لیکن اچھا بولے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ حقیقت میں کرکٹ میچ ہے دہشت گرد بولر اور خیبر پختون خوا پولیس بلے باز ہے۔

وہ گیند کرتے ہیں کبھی پولیس والے چھکا لگاتے ہیں تو کبھی بولڈ ہو جاتے ہیں۔ پشاور میں ذرائع سے گفت گو کے دوران جب آئی جی پولیس سے پوچھا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر دہشت گردوں کے حملے کو پولیس کی شکست قرار دیا جا رہا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کلین بولڈ ہونے کے بعد وہ تمام گیندوں کو بھرپور دفاعی انداز میں کھیلیں گے۔

صوبے میں کپتان عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے اور پی ٹی آئی کی ٹیم مستقبل میں کوئی وکٹ بھی حاصل کر پاتی ہے یا نہیں اس سے قطع نظر میچ دیکھنے والے خیبر پختون خوا کے عوام توقع رکھتے ہیں کہ قیام امن کیلئے مستقبل میں موثر اقدامات کئے جائیں گے۔