دہشتگردی کا خاتمہ تنہا خیبر پختونخوا حکومت کے بس میں نہیں، منورحسن

Munawar Hasan

Munawar Hasan

پشاور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی منور حسن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف خیبر پختون خوا کی صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں، سب کو مل کر اس کے خاتمہ کے لئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔پشاورمیں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی منور حسن کا کہنا تھاکہ حکومت ریاستی دہشت گردی کی پردہ پوشی کر رہی ہے اور جب تک پالیسیاں درست نہیں ہوتیں تب تک دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی مذاکرات کی دعوت کو فراخدلی سے قبول کر لینا چاہیئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر ان حالات میں بھی طالبان سے مذاکرات نہ کئے گئے تو قصور امریکا یا بھارت کا نہیں بلکہ ہمارا اپنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف خیبر پختون حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کچھ نہیں کرسکتی۔ جبکہ وفاقی حکومت امریکی دباو پر خاموش ہے اور اسے کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کی اجازت بھی نہیں۔ منور حسن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر جنرل سیلز ٹیکس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مہنگائی میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔