دہشت گردی سے متاثرہ وزیرستان میں آلو کی بھر پور پیداوار

Potatoes

Potatoes

میران شاہ (جیوڈیسک) دنیا میں سب سے زیادہ کاشت ہونے والی سبزی کا اعزاز آلو کو حاصل ہے۔ پیداوار میں اضافے کیلئے وزیرستان کے زمینداربھی آلو کی کاشت میں مہارت حاصل کر رہے ہیں اور اب وزیرستان سے ہزاروں ٹن آلوملک کے باقی حصوں میں لایا جاتا ہے۔ آج تک فاٹا میں صدیوں پرانے طریقے سے آلو کی فصل کاشت کی جاتی ہے۔

آلو کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کیلئے کاشت کار اب نت نئے طریقے سیکھنے کی تلاش میں ہیں۔ آلو بظاہر معمولی اورسستی سبزی کے طور پر جانا جاتا ہے مگرماہرین اسے طاقت کا سر چشمہ قرار دیتے ہیں۔ ایک آلو میں 110 کیلوریز ہو تی ہیں، جن میں نمکیات، روغن، پروٹین اور وٹامنز کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو کئی بیماریوں کے خاتمے کیلئے فائدہ مند ہے۔

فاٹا سیکریٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال قبائلی علاقے میں 291 ہیکٹر اراضی پر آلوکاشت کیا گیا ہے جس سے بندوبستی علاقوں میں 3584 ٹن آلولایا گیا اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں سال اس میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکے گا۔

آلو کی کاشت کی تربیت حاصل کرنے والے ان قبائلیوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت وزیرستان میں دیگر فصلوں کی کاشت کیلئے اوزار اور تربیت مہیا کر لیں تو وہ معاشی طور پر خودکفیل ہو سکتے ہیں۔