دہشت گردی کیخلاف عوام متحد اور بیدار ہو جائیں: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ملک بھر کے عوام متحد اور بیدار ہو جائیں۔ عوام نے دہشت گردی کی آگ بجھانے کی کوشش نہ کی تو یہ آگ سب کے گھروں کو جلا کر بھسم کر دے گی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کے قریب ایف سی کی چیک پوسٹ پر طالبان دہشت گردوں خودکش حملے اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کی مذمت کی۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی اور قتل وغارتگری سے پاکستان کی سلامتی وبقاء کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے پاکستان بھر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملک بھر کے عوام متحد اور بیدار ہو جائیں، اگر ملک بھر کے روشن خیال، لبرل اور ترقی پسند عوام اب بھی بیدار نہ ہوئے اور انہوں نے مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی آگ بجھانے کی کوشش نہ کی تو یہ آگ ہم سب کے گھروں کو جلا کر بھسم کر دے گی۔