دہشت گردوں کا کسی ملک یا مذہب سے تعلق نہیں، چیف جسٹس پاکستان

Chief Justice Pakistan

Chief Justice Pakistan

پشاور (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کسی ملک یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، عوام کو انصاف ملنا شروع ہو جائے تو ملک میں انتشار پھیلانے والے افراد کامیاب نہیں ہو پائیں گے اور کوئی بھی دشمن کے ہاتھوں کا آلہ کار نہیں بنے گا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ایک روزہ دورے پر پشاور آئے اور مصروف دن گزارا۔ جوڈیشل کمپلیکس میں افتخار چوہدری بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی عدلیہ نے نامساعد حالات کے باوجود عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انسانی حقوق کے ڈائریکٹوریٹ کے افتتاح کے بعد ججز سے خطاب میں جسٹس افتخار چوہدری کا کہنا تھا کہ غریب عوام کو سالہا سال عدالتوں میں گھسیٹنا ناانصافی ہے، انسانی حقوق ڈائریکٹوریٹ کے قیام سے مظلوموں کو جلد انصاف ملے گا۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کہا کہ عوام کو انصاف ملنا شروع ہوجائے تو ملک میں انتشار پھیلانے والے افراد کامیاب نہیں ہو پائیں گے اور کوئی بھی دشمن کے ہاتھوں کا آلہ کار نہیں بنے گا۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے ایک لاکھ سے زائد وکلا عدلیہ کے بلا معاوضہ محافظ ہیں۔