ضلع تھر میں بیماری کے باعث بھیڑوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری

Sheep

Sheep

تھر (جیوڈیسک) سندھ کے ضلع تھر میں ماتا نامی بیماری سے بھیڑوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھیڑوں میں بیماری کے باعث 7 ہزار میں فروخت ہونے والی بھیڑ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگئی ہے۔ محکمہ اینمل ہسبنڈری کا کہنا ہے کہ تھر پارکر کے مویشیوں میں پھیلنے والی بیماری نے چھاچھرو کے بعد ننگر پارکر کے 8 دیہاتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں اس بیماری سے مزید 200 بھیڑیں ہلا ک ہوگئی ہیں۔ 17 دنوں کے دوران مرنے والی بھیڑوں کی تعداد 12 سو سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ بیماری اور ہلاکتوں کی وجہ سے بھیڑ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مٹھی اور اسلام کوٹ سے بیمار بھیڑیں سستے داموں خرید کر کراچی منتقل کی جا رہی ہیں۔ محکمہ انیمل ہسبنڈری کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوبت کھوسو کا کہنا ہے بیماری کی روک تھام کے لیے بدین سے ٹیمیں طلب کرلی گئی ہیں۔