وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری، 38 دہشتگرد ہلاک

Jet Planes

Jet Planes

وادی تیراہ (جیوڈیسک) طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 38 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ بمباری سے دیسی ساختہ بم بنانے والی فیکٹری سمیت بڑے پیمانے پر اسلحہ، بارودی مواد اور خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق وادی تیراہ کے مختلف علاقوں توت درہ، غیبی نیکہ اور دوہ توی میں جیٹ طیاروں نے شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 38 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جبکہ بمباری سے دیسی بم بنانے والی فیکٹری اور بڑے پیمانے پر دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی تباہ ہوگیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بم بنانے والی فیکٹری میں بڑے پیمانے پر بم اور دھماکہ خیز مواد بنا کر اسے ملک کے بیشتر حصوں میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔

حکام کے مطابق اس کامیاب فضائی آپریشن میں کوئی سویلین جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو اتوار کی علی الصبح نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج نے خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری کو فضائی کارروائی میں تباہ کر ڈالا۔ پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر بھرپور حملہ کیا گیا۔

حملے میں کالعدم طالبان کے بڑے اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کیا گیا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کئی دہشت گرد جو حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے مارے گئے۔ حملوں میں اپنی خفیہ کمین گاہوں میں چھپے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پاک فوج کے ایس ایس جی آپریشن سے پہلے خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور غیر ملکی دہشت گردوں کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔

علاقے میں لشکر اسلام کے بھی کیمپس موجود تھے۔ ایس ایس جی آپریشن سے قبل خیبر ایجنسی اور درہ آدم خیل کے دہشت گردوں نے تیراہ وادی کو اپنے آپریشنز کیلئے بیس بنایا ہوا تھا۔