تلہ گنگ اور گردو نواح علاقوں میں بجلی اور گیس چوری میں بے پناہ اضافہ

تلہ گنگ : تلہ گنگ اور گردو نواح علاقوں میں بجلی اور گیس چوری میں بے پنا ہ اضافہ۔ محکمہ واپڈا اور سوئی گیس کا کرپٹ مافیا ملی بھگت سے بجلی اور گیس چوری کر کے ریوینو پورا کرنے کی خاطر بھاری بل غریب صارفین پر ڈال دیا جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وسیم، ندیم، اصف، فہیم، بشارت اور شہز اد نے روزنا مہ ”نئی بات ” سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وسیم اورند یم نے بتایا کہ تلہ گنگ اور گردو نواح علاقوں کے دیہات میں محکمہ واپڈا اور سوئی گیس کا کرپٹ عملہ عوام سے رشوت لے کر بجلی اور گیس چوری کرواتا ہے ڈائریکٹ تاریں لگا کر لوگ سر عام ٹیوب ویل اوراے سی چلاتے ہیں اور کروڑوں کی بجلی چوری کرتے ہیں۔

بعض دکانداروں نے بڑے بڑے دیپ فریزر اور فریج لگا رکھے ہیں جو چوری کی بجلی سے چلائے جاتے ہیں۔ ان منی برف کے کار خانوں سے بننے والی برف کو بھاری قیمت پر صارفین کو بیچ کر ہزاروں روپے کمائے جاتے ہیں۔اصف ،فہیم، بشارت نے بتایا ہے کہ سوئی گیس کا محکمہ کے بعض کرپٹ ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی کنکشن لگا کر گیس چوری کی جاتی ہے محکمہ کے ملازمین ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنے والوں کو تو سالہا سال تک کنکشن مہیا نہیں کرتے جبکہ دوسری طرف رشوت دینے والوں کو راتوں رات گیس کے جعلی کنکشن لگا کر گیس چلا دی جاتی ہے۔

دونوں محکموں کے ککھ پتی ملازم لکھ پتی بن چکے ہیں۔ جبکہ حکومت کو کڑوروں روپے کا نقصان پہنچتا ہے۔وسیم ،ندیم ،اصف ،فہیم ،بشارت ،شہزاد اور دیگر شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرمطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی چوروں اور گیس چوروں کے خلاف کاروائی کر کے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے سرکاری افسران اور چوروں کے خلاف قا نو نی کاروائی کریں۔