آج سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا امکان

Chance Of Rain

Chance Of Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد محکمہ موسمیات نے آج بھی سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں جمعرات کے روز سورج کالی گھٹاوں میں چھپا رہا۔ ملتان، بہاول پور، وہاڑی، مظفر گڑھ اور ساہیوال میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ سندھ میں کہیں بادل برسے کہیں بس جھلک دکھا کر چلتے بنے۔

بدین شہر، ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں جبکہ صالح پٹ کے ریگستان اور تھر کے صحرائی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ حیدرآباد اور نواب شاہ میں تیز ہواوں کے ساتھ بوندا باندی ہوئی۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں زیارت، ہرنائی، موسی خیل اور ژوب میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

بیلا، اوتھل اور گرد و نواح میں بھی تیز بارش سے گرمی کم ہو گئی لیکن ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی۔ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ رہا۔