بتایا جائے سعودی عرب سے ڈیڑھ ارب ڈالر کس مد میں لیے، خورشید شاہ

 Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید شاہ نے کہا ہے کہ یہ سننے میں آرہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی ذاتی ضمانت پر سعودی حکومت سے 1.5 بلین ڈالر حاصل کئے ہیں یہ بتایاجائے کہ یہ رقم کس مد میں حاصل کی گئی ہے۔

کیایہ قرض ہے یا امداد۔ اگر قرض ہے تو اس کی شرائط قوم کو کیوں بتائی نہیں جارہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے مذاکرات کرنے والے طالبان کا فیصلہ کون کرے گا،بیورو کریٹس کمیٹی یا حکومت خود کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان مذاکرات کے حوالے سے نواز شریف مجھ سے بات نہیں کریں گے تو میں بھی نہیں کروں گا لیکن روپے کو استحکام دینے کے لئے جو ڈیڑھ ارب ڈالر لئے ہیں وہ معاملہ وزیر اعظم قوم کے سامنے لائیں۔