کراچی: ٹریفک حادثات اور ٹینک میں ڈوب کر بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) سپر ہائی وے پر گاڑی سے راہ گیر، شہید ملت روڈ پر ٹینکر سے پھول فروش، مائی کلاچی پر ٹریلر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ودیگر واقعات میں 12 سالہ بچے سمیت 5افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کے علاقے سپر ہائی وے پر نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 30 سالہ راہ گیر عبدالاحد ولد ناصر موقع پر جاں بحق ہو گیا، متوفی کے لواحقین لاش کو لے کر قریبی اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی، لواحقین بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے، علاقہ پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیاہے، لیاقت آبادکے علاقے نمبر 10 سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30 سالہ محمد شفیع ولد محمد رفیع جاں بحق ہو گیا، ایس ایچ او شکیل شیروانی کا کہنا ہے کہ متوفی گھر جا رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، متوفی کیماڑی سکندر آباد کار ہائشی تھا۔

فیروز آباد تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ پر تیز رفتاری کے باعث واٹر ٹینکر بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں 28 سالہ ظفر ولد سلطان شدید زخمی ہوا، جس کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور بنارس ولد مظفر کو گرفتار کر کے ٹرک تحویل میں لے لیا، ایس ایچ او صفدر مشوانی کا کہنا ہے کہ متوفی پھول فروش اور بہادرآباد کا رہائشی تھا، منگھو پیر تھانے کے علاقے لعل فلیٹ کے قریب زیر زمین ٹینک میں نہانے کے دوران 12 سالہ عابد ولد نورے خان ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ایس ایچ او غلام فرید جٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر زیر زمین ٹینک کے لئے گڑھاکھودا گیا تھا جس میں پانی بھرا ہوا ہے، متوفی نہانے کیلئے گڑھے میں اترا اور پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈوب گیا، متوفی کنواری کالونی کا رہائشی تھا۔

دریں اثناء ڈاکس کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر این ایل سی چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹریلر کا ٹائر نکل کر عقب سے آنے والی موٹر سائیکل سوار سے ٹکرا گیا اور موٹر سائیکل سوار 40 سالہ محمد زبیر ولد قیصر محمد سڑک پر گر پڑا اور سر پرچوٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، وہ اسپتال منتقل کرنے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق متوفی اتحاد ٹاؤن کا رہائشی تھا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی۔