ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی، 2 لاشیں بھی برآمد

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) شہر میں مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت  2  افراد جاں بحق جبکہ دوروزقبل حادثے میں زخمی ہونیوالا شخص بھی دم توڑ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مانگا منڈی سٹاپ پر کھڑی خاتون ثمینہ کو کار نے کچل کر ہلاک کر دیا، ادھرپتوکی کا رہائشی عزیز الرحمن شیرا کوٹ بس سٹاپ پر کھڑاتھا کہ اچانک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالا فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا جس کی زد میں آکر عزیز الرحمن دم توڑ گیا۔

دریں اثنا سگیاں پل کے قریب پک اپ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس سے پک اپ میں سوار ڈرائیور سمیت پانچ افراد شبیر، مولوی طارق، کامران وغیرہ  زخمی ہو گئے۔ علاوہ  ازیں ملتان روڈ موڑ سمن آباد کے قریب دو روز قبل ویگن کی ٹکر سے زخمی ہونے والا چالیس سالہ شخص گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ دوسری جانب داتا دربار کے علاقہ سے 45 سالہ شخص کی لاش بر آمد ہوئی جسے پولیس نے نشئی قرار دیاہے جبکہ قلعہ گجرسنگھ کے علاقہ سے بھی ایک لاش ملی ہے۔