ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے ہم ایک مہذب اور ترقی یافتہ قوم ہونے کا ثبوت دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو حادثات سے پاک معاشرہ دے سکتے ہیں

بھمبر : ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے ہم ایک مہذب اور ترقی یافتہ قوم ہونے کا ثبوت دینے کے ساتھ ساتھ عوام اور آئندہ آنے والی نسلوں کو حادثات سے پاک معاشرہ دے سکتے ہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کے باعث ہر سال سینکڑوں حادثات رونما ہو تے ہیں۔

جن میں قیمتی جانوں کا بے دریغ ضیاع ہوتا ہے عوام اور ڈرائیور حضرات ٹریفک پولیس کاساتھ دیکر حادثات کی کمی میں کردار اداکرسکتے ہیں ان خیالات کااظہار ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر رضوان انجم رانا نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بھمبرمیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بھمبرمیں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑی مالکان اور ڈرائیور حضرات کیخلاف کارروائی کرنا ضروری ہوتی ہے ہم نے متعدد بار خلاف ورزیوں پر وارننگ جاری کی لیکن پھر بھی خلاف ورزیاں ہوئیں جس پر ہمیں قانون کیمطابق ایکشن کرنا پڑتاہے انہوں نے کہاکہ ماہ مئی 2013کے دوران ضلع بھمبرمیں 1549 گاڑیوں کو مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مبلغ 7,39050 روپے جرمانہ کیا گیا۔

621 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بدوں کاغذات لائسنس ضبط کیاگیا جبکہ شہر میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 166 کم عمر ڈرائیور وں کو 51800 روپے جرمانہ کیا۔

خلاف ورزی میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلیں ضبط کر لی گئیں انہوںنے کہاکہ ٹریفک قوانین کے بارے میں ٹریفک پولیس کے اہلکار آگاہی فراہم کررہے ہیں خصوصاً گاڑیوں کے اندر بیلٹ اور موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کی افادیت کے بارے میں آگاہی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کے اندر سیٹ بیلٹ اور موٹڑر سائیکلوں سواروں کے ہیلمٹ کے استعمال سے حادثہ کی صورت میں 70 فیصد تک انسانی جان کی حفاظت ہوتی ہے ہماری ڈرائیور حضرات اور موٹرسائیکل سواروں سے اپیل ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ اور سیفٹی ہیلمٹ کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔