سانحہ بادامی باغ اور مسیحیوں پر مظالم کے خلاف مزار قائد تا پریس کلب احتجاجی ریلی بھی ہوگی

کراچی : پاکستان میں مسیحیوں کے ساتھ جاری امتیازی سلوک معاندانہ رویئے ظلم واستحصال اور سانحہ بادامی باغ میں مسیحیوں پر مسلح و دہشت گردانہ حملے پر حکمرانوں کی بے حسی انصاف و تحفظ فراہم کرنے والے اداروں کی مجرمانہ غفلت اورانصاف فراہم کرنے والوں کی سوالیہ خاموشی کیخلاف ساجد سیموئیل کی قیادت میں پاکستان کرسچن لیگ کی جانب سے آج مورخہ 17مارچ بروز اتوار بوقت 3 بجے دوپہر مزار قائد تا پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

جس کے شرکاء پہلے مرحلے میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری و فاتحہ خوانی کے بعد ان سے فریاد کرینگے اور مسیحی برادری کی شکایات و تحفظات پڑھ کر سنانے کے بعد قائد اعظم سے انصاف و تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔بعد ازاں پاکستان کرسچن لیگ کی ریلی مزار قائد سے پریس کلب کیلئے روانہ ہوگی۔

پریس کلب پہنچ کرکرسچن لیگ کے چیئرمین ساجدسیموئیل ڈاکٹر شفقت’ مسز فرح وحید آصف ایازو دیگر قائدین احتجاجی ریلی کے شرکاء و میڈیا نمائندگان سے خطاب کریں گے اور میڈیا کو پاکستان میں موجود مسیحی برادری کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور کرنے کی سازشوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔