سانحہ کرائسٹ چرچ: 9 شہریوں کی شہادت پر ملک بھر میں سوگ، پرچم سرنگوں

 Pakistan Flag - Christchurch Tragedy

Pakistan Flag – Christchurch Tragedy

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر دہشت گرد حملے میں 9 پاکستانیوں کی شہادت پر آج ملک بھر میں قومی سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

ایک روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ سوگ کے سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر نصب سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نیوزی لینڈ سانحے میں دس پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے 9 شہید ہوگئے جبکہ شدید زخمی پاکستانی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔

ادھر پاکستان کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو استبنول میں طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس کا مقصد مسلم امہ کو واقعے کے بعد اکھٹا کرنا ہے، اجلاس میں اسلام فوبیا کے سدباب کے لیے مسلمان ممالک کے کردار پر اور مسلم دنیا سے یورپی ممالک ہجرت کرنے والے مسلمانوں پر مظالم سے متعلق بات ہو گی۔