ترکی: صدر ایردوان یوکرائن پہنچ گئے، صدر زلنسکی کی طرف سے پُر تپاک استقبال

President Erdogan

President Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سرکاری دورے پر یوکرائن پہنچ گئے ہیں۔ دارالحکومت کیف پہنچنے پر یوکرائن کے صدر ولادی میر زلنسکی نے مارنسکی پیلس میں سرکاری تقریب کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

دوسری عالمی جنگ میں ہلاک ہونے والے گمنام فوجیوں کی یادگار پر پھول چڑھانے کے بعد صدر ایردوان مارنسکی پیلس پہنچے جہاں صدر زلنسکی نے پیلس کے داخلی حصے پر ان کا استقبال کیا۔

سربراہان کے درمیان دو طرفہ ملاقات کے بعد صدر ایردوان اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کونسل کے 10 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ترکی۔ یوکرائن تعلقات کا تمام پہلووں سے جائزہ لیا جائے گا، دونوں ممالک کے باہمی تعاون میں مزید فروغ کے امکانات پر غور کیا جائے گا اور بین الاقوامی مسائل پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد دونوں سربراہان مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اسٹریٹجک کونسل اجلاس کے بعد دونوں ممالک کے متعلقہ وزراء کی شرکت سے مختلف شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہو گی۔