امریکی وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، بجلی بنانے میں مدد کی پیشکش

U.S. Delegation - Ishaq Dar

U.S. Delegation – Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکا نے پاکستان کو ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کیلئے مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، امریکی وفد نے یہ پیش کش وزیر خزانہ اسحاق سے ملاقات میں کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک امریکا سرمایہ کاری میں بڑی رکاوٹ سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کا معاملہ ہے۔

اسلام آباد میں اوورسیز پرائیویٹ انوسٹمنٹ کمپنی کی سربراہ الزبتھ لٹل فیلڈ کی قیادت میں امریکی وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ، بعد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کے ساتھ تجارت کے فروغ کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر بات کرنے پر اتفاق ہوا ہے، باہمی سرمایہ کاری کے معاہدے میں گزشتہ سال کے باقی ماندہ معاملات بھی طے کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ملک ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، دہشت گردی کا خاتمہ کر کے حالات بہتر کریں گے۔ اس موقع پر الزبتھ لٹل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہوا اور بائیو گیس سے بجلی بنانے میں مدد کریں گے، سندھ میں ہوا سے 50 میگاواٹ کا منصوبہ زیر تعمیر ہے، پاکستان پر تجارتی ٹریول ایڈوائزری ہے، پاکستان کو سکیورٹی، گورننس سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ شراکت داری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔