امریکا کا پرویز مشرف کیخلاف مقدمات پر کچھ کہنے سے گریز

Washington

Washington

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف مقدمات پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کی ابھی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کی جانب سے پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف پر غداری، بینظیر بھٹو کے قتل اور دیگر مقدمات کے بارے میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔

پیٹرک وینٹریال نے کہا کہ وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ ان مقدمات پر کچھ کہہ سکیں۔ پاکستان کی حکومت ہی اس بارے میں صحیح طور پر بتا سکتی ہے۔ ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ جان کیری پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ اسلام آباد جا کر نئی قیادت سے تفصیلی بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی مصروفیات کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی جان کیری کے دورہ پاکستان کی تاریخ طے نہیں ہوئی ہیں۔