امریکا پر بے رحمانہ حملوں کی اجازت مل گئی : شمالی کوریا

North Korean Soldier

North Korean Soldier

پیانگ یانگ(جیوڈیسک) شمالی کوریا کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اسے امریکا پر بے رحمانہ حملوں کی اجازت مل گئی ہے جن میں ایٹمی ہتھیاروں کا ممکنہ استعمال بھی شامل ہے۔ دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا دھمکیاں دینا بند کرے، تاہم امریکا شمالی کوریا کی جانب سے دی گئی دھمکی کے بعد گوام میں میزائل نصب کرے گا۔

کورین پیپلزآرمی کے جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کو باضابطہ طور پر مطلع کیا جارہا ہے کہ جارحانہ امریکی دھمکیوں کو جدید ترین چھوٹے ، ہلکے اور متنوع ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے ناکام بنادیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شمالی کوریا کی فوج کے بے رحمانہ آپریشن کا تجزیہ کرنے کے بعد اس کی توثیق کردی گئی ہے۔

شمالی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ آج یا کل دھماکا خیز لمحہ تیزی سے قریب آرہا ہے۔ موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر کورین پیپلز آرمی پوری طاقت سے عملی فوجی جوابی اقدامات کرے گی۔ دوسری جانب امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا دھمکیاں دینے سے باز رہے اور اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرے۔