امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کی آرمی چیف و وزیر اعظم سے ملاقات

Chuck Hagel,Raheel Sharif

Chuck Hagel,Raheel Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل سے ڈرون حملوں پر تشویش کا اظہار کر دیا، کہتے ہیں دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں نواز شریف سے ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعظم نے امریکی وزیر دفاع کو ڈرون حملوں پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں افغان عوام اور قیادت پر مشتمل مفاہمتی عمل کے حامی ہیں۔امریکی وزیر دفاع نے افغانستان کے مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کی حمایت کی، ملاقات کے دوران باہمی مفادات اور پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی جس میں پاک امریکا دفاعی تعاون، افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد امور پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور قائم مقام امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری دفاع بھی ملاقات میں شریک تھے۔