امریکی ریاست اوکلاہوما میں طوفان سے تباہی، 51افراد ہلاک، درجنوں زخمی

Oakley Homa

Oakley Homa

امریکا(جیوڈیسک) اوکلا ہوما امریکی ریاست اوکلاہوما میں طوفان نے تباہی مچا دی، خوفناک بگولے سے 51افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ کئی عمارتیں اور دو اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ریاست اوکلاہوما کے علاقے موری سے خوفناک طوفان ٹکراگیا جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں بدل گئیں۔

200میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواوں نے سیکڑوں گاڑیوں کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا، بگولے کی چوڑائی تقریبا ایک میل تھی۔ حکام کے مطابق طوفان کے راستے میں دو اسکول بھی آئے جن کے ملبے سے کئی بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے اور 24 بچوں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بہت سے بچے لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق ایک اور اسکول میں بھی تباہی ہوئی ہے لیکن ابھی وہاں ہونے والے جانی نقصان کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔طوفان سے گیس کی پائپ لائنیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔

ریسکیو اہلکار ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں اور نیشنل گارڈز کو بھی امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ابھی اس طرح کے مزید بگولے بن سکتے ہیں جن سے مزید تباہی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔