امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید برفباری، پروازوں کا شیڈول متاثر

U.S Snow

U.S Snow

نیویارک(جیوڈیسک)امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید برفباری جاری ہے، کئی شہروں میں پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر بھی ہوا ہے جبکہ روس اور برطانیہ میں بھی برفباری نے معمولات متاثر کئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست پنسلواینیا میں برف باری کا سلسلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، اب تک 7فٹ برف پڑچکی ہے، ریاست کنساس کے مشرقی شہروں سے میزوری کے وسط تک اب تک 9 انچ برف پڑ چکی ہے۔ الی نوائے کے کئی شہروں 6 سے 10 انچ تک برف میں ڈھکے ہوئے ہیں۔

برف کا طوفان اوکلوہاما اور آرکنساس سے ٹکرانے والا ہے۔ انڈیانا کے کئی شہر بھی اب تک 10 انچ برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ دارالحکومت واشنگٹن میں بھی تقریبا 2 انچ برف پڑچکی ہے۔ مڈ ویسٹ اور مڈ اٹلانٹک ریاستوں میں برف باری کی وجہ سے 2 روز کے دوران 850 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے فلاڈیلفیا، نیویارک اور نیوجرسی کے کچھ شہروں میں برف باری کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔

برطانیہ میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے، ملک کے شمال مشرقی علاقوں اسکاٹ لینڈ اور ناردن آئی لینڈ کے پہاڑی مقامات پر برف باری ہوئی ہے۔ ادھر روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی پیر کے روز کئی انچ برف پڑی ہے، معمول سے غیرمتوقع برف باری نے جہاں شہریوں کے معمولات شدید متاثر کئے ہیں وہیں شہرکا درجہ حرارت منفی 6 تک گر چکا ہے جبکہ کئی مقامات پر سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں بھی دکھائی دیں۔