یوکرائن کے معاملے پر عالمی سیاست میں کشیدگی بڑھ گئی

Ukraine

Ukraine

کیو (جیوڈیسک) یوکرائن کے معاملے پر جہاں عالمی سیاست میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے وہیں یوکرائن کے مشرقی علاقوں پر روس نواز باغیوں کے قبضے کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں ، یوکرائنی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس دہشت گردوں کی امداد سے باز رہے۔ یوکرائن کے مشرقی شہر سلووینسک پر روس نواز باغیوں کا قبضہ مستحکم ہو چکا ہے۔ شہرمیں روسی جھنڈوں کے ساتھ باغیوں کی بکتر بند گاڑیاں گشت کر رہی ہیں۔ مشرقی علاقوں میں روس کے حامیوں کی اکثریت کی وجہ سے شہری بھی مطمئن نظر آ رہے ہیں ان کامطالبہ ہے کہ یہاں بھی کریمیا کی طرز پر ریفرنڈم کرایا جائے۔

سلووینسک کے جنوبی قصبے چیلکینو میں سیکڑوں شہریوں نے یوکرائنی ٹینکس اور بکتر بند گاڑیوں کو داخلے سے روک دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یوکرائنی فوج علاقے کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں یوکرائن کے حوالے سے انسانی حقوق کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سیکریٹری جنرل آئیون سائمونووک کا کہنا ہے کہ مشرقی یوکرائن کی صورتحال پورے ملک کو عدم استحکام کا شکار کر دے گی۔

یوکرائن کے معاملے پر آج امریکا ، یورپی یونین ، روس اور یوکرائن کے درمیان مذاکرات آج جنیوا میں ہو رہے ہیں ، یوکرائنی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کریمیا اور یوکرائن کے مشرقی علاقوں سے روسی فوجوں کا انخلاء ایجنڈے میں سرفہرست ہو گا۔