یوکرین طیارہ حادثہ؛ کینیڈین وزیراعظم کی متاثرین کو انصاف کی یقین دہانی

 Justin Trudeau

Justin Trudeau

ایڈمنٹن (اصل میڈیا ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم نے مسافر طیارہ حادثے کو متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایران سے جواب ملنے تک ہم خاموش نہیں ہوں گے۔

کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں یوکرینی طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اس قسم کا سانحہ ہرگزنہیں ہونا چاہیے تھا، ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم نے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے ایران سے جواب طلب کریں گے جو پہلے ہی اپنی آرمی کی جانب سے اس جہاز کو مارنے کا اعتراف کرچکے ہیں جب کہ مشکل حالات میں متاثرین کو میری مکمل حمایت حاصل ہے، آپ نے ہمیں ذمہ داروں کے احتساب اور انصاف کے حصول کا مقصد دیا۔

واضح رہے ایران کی آرمی کی جانب سے مارے جانے والے یوکرینی طیارے میں 176 مسافر موجود تھے اور ہلاک ہونے والوں میں 57 کینڈین مسافر شامل تھے۔