علماء اکرام ،مریدین اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت ،ملک کے ممتاز ثناء خوان نے بارگاہ رسالت پر ہدیہ نعت اور منقبت پیش کی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ علویہ القادریہ اور انتظامیہ جیلانی جامع مسجد گلشن اقبال کے زیر اہتمام بہ سلسلہ عرس مبارک سلطان الہند خواجہ خواجگان حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، محفل کے آغاز سے قبل حسب روایت مریدین، عقیدت مندوں اور شرکائے محفل نے خلفاء حضرات کی قیادت میں درگاہ حضرت شاہ جیلانی پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزار اقدس حضرت شاہ جیلانی پر پھولوں کی چار چڑھائی ، اس موقع پر جیلانی جامع مسجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، معروف نعت خواں خاور حسن نقشبندی نے بارگاہ رسالت مآب ۖ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ منقبت درشان حضرت سلطان الہند خواجہ غریب نواز بھی پیش کی اور پرنور محفل میں درود و سلام کی صدائوں نے سماں باندھے رکھا، محفل کے اختتام پر لنگر کا اہتمام کیا گیاتھا۔