متحدہ عرب امارات میں ڈرون اُڑانے پر اب جیل ہو گی

Drone

Drone

ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ڈرونز اُڑانے پر جیل اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق حکومت نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ملک میں ڈرونز اُڑانے پر کم سے کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 5 سال جیل یا پھر ایک لاکھ درہم یعنی 48 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد جرمانہ عائد ہوگا۔

حکومت امارات کے مطابق ملک میں گزشتہ ہفتے سے ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق کھیلوں میں استعمال ہونے والے ڈرون پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ حکام کاکہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوام اور املاک دونوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

امارات حکومت کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو کام، تجارتی، فلم بندی یا اشتہاری مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی ضرورت ہے انہیں اپنا کام کرنے کے لیے حکومت سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔