امریکہ کا فیصلہ علی الاعلان ہماری قومی خود مختاری پر حملہ ہے: صدر ایردوان

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے پابندیوں کا فیصلہ علی الاعلان ہماری ملکی خود مختاری پر حملہ ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نیدے۔انقرہ موٹر وے ۔2 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔

روس سے ایس۔400 سسٹم خریدنے کی وجہ سے امریکہ کے ترکی پر پابندیاں لگانے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ “امریکہ کا اصل مقصد دفاعی صنعت میں ترکی کی ترقی کا راستہ کاٹنا اور ہمیں محتاج بنانا ہے”۔

انہوں نے کہا ہے کہ پابندیوں کے ذریعےانسدادِ مخاصمت کے قانون CAATSA کے معاملے میں امریکہ نے ترکی کے علاوہ کسی اور ملک پر یہ پابندیاں نہیں لگائیں، پہلی دفعہ کسی نیٹو کے رکن ملک پر یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اس فضائی دفاعی سسٹم کے حصول کے لئے امریکہ نے ہماری کسی بھی شرط کو پورا نہیں کیا اور جب ہم نے اپنی ضرورت کو کسی اور جگہ سے پورا کر لیا ہے تو اس نے پابندیوں کو اسلحے کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔پابندیوں کا فیصلہ ہماری ملکی خودمختاری پر کھُلا حملہ ہے۔ہم، دفاعی صنعت کے سربراہ اسماعیل دیمیر اور ان کی ٹیم کے ساتھ پہلے سے بھی زیادہ تعاون کریں گے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ” پابندیوں کا فیصلہ ہمیں روک نہیں سکتا بلکہ اس فیصلےکی وجہ سے ہم عالمی سطح پر قائدانہ حیثیت کی حامل دفاعی صنعت کی تعمیر کے لئے اپنی کاروائیوں کو تیز تر کر دیں گے۔ ہم اپنی دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کے لئے ماضی کے مقابلے میں دوگنی محنت کریں گے”۔