نواز شریف سے امریکی اور سعودی سفیروں کی ملاقاتیں،نیک خواہشات کا اظہار

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

رائے ونڈ(جیوڈیسک)رائے ونڈ میں میاں نواز شریف سے امریکی اور سعودی سفیر وں کی ملاقاتیں، الیکشن جیتنے پر نیک خواہشات کا اظہار،انڈین نیشنل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی مبارکباد کا فون کیا۔پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

رچرڈ اولسن نے کہا کہ دہشت گردی کی فضا کے باوجود الیکشن کا انعقاد خوش آئند ہے۔نئی جمہوری حکومت کے قیام سے امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔پاکستان میں سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیر نے بھی مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں میاں شہبازشریف اور اسحاق ڈار بھی موجود تھے ۔ سعودی سفیر نے میاں نوازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون مزید فروغ پائے گا ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔جواب مثالی انداز سے مزید آگے بڑھیں گے۔

انڈین نیشنل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے میاں نوازشریف کو ٹیلی فون کر کے انکی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے کہ اب پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔