اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF)کے بانی وچیئرمین ناہید حسین نے کہاہے کہ انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی کھلاڑیوں کے رنگ بھی بدلیں گے

کراچی : اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF)کے بانی وچیئرمین ناہید حسین نے کہاہے کہ انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی کھلاڑیوں کے رنگ بھی بدلیں گے سابق صدر پرویز مشرف کو بھی ان رنگ بدلتے سیاسی رہنمائوں نے ہی بند گلی میں کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں بہت اچھے کام سرانجام دیئے لیکن چند غلط فیصلوں نے ان کی سیاست کو دھندلا کر رکھ دیا ہے۔

سونے پہ سہاگہ یہ ہوا کہ انہیں اپنی پارٹی کے لیے وفادار ساتھیوں کے انتخاب میں ناکامی ہوئی۔ چیئرمین ناہید حسین نے کہا کہ اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ نے ہمیشہ سے ہی حقائق عوام تک پہنچائے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے پاکستان کے لیے جو اقدامات کئے ان کی ماضی کی طرح آج بھی تعریف کرتے ہیں جبکہ غلط اور نا عاقبلت اندیش فیصلوں کو بھی زبردست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

آج ان کی وطن واپسی پر ہم ان سے یہی درخواست کرتے ہیں کہ وہ جلد بازی کی بجائے اعتدال اور زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی پارٹی کی ازسر نوتشکیل دیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ سابق صدر کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ سیاست میں حصہ لیں اور عوام کی نمائندگی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کے لیے اس
قدر کم لوگ تھے کہ جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ہر طرف صرف میڈیا یا صرف سیکیورٹی اہلکار ہی نظر آرہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ اربن دیموکریٹک فرنٹ کے صرف ایک وارڈ کے کارکنان کے لیے کراچی ائیر پورٹ کا احاطہ نا کافی ہے۔ جبکہ پرویز مشرف ایک بڑی شخصیات ہیں اور ان کی آمد پر عوام کا نہ آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان کی پارٹی کے عہدیداران انہیں حقائق سے دور کرنے کے لیے صرف اپنے ڈرائنگ روم تک ہی محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف نے ان سے راطہ کیا تو وہ ان کے کارناموں کو مد نظر رکھتے ہوئے مثبت جواب دینگے۔