امریکی نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کرونا وائرس کا شکار، صدر ٹرمپ بے فکر

Katie Miller

Katie Miller

وائٹ ہاؤس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔وہ اس ہفتے اس مہلک وَبا سے متاثر ہونے والی وائٹ ہاؤس کی دوسری ملازمہ ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی مِلر کے مرض کی تشخیص کا اعلان کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ انھیں وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے کوئی تشویش لاحق نہیں ہے۔البتہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ قصرِ ابیض میں تحفظ کے قواعد وضوابط اور پروٹوکولوں پر نظر ثانی کررہے ہیں اور صفائی ستھرائی اور سکریننگ کے نظام کو مزید فعال بنایا جارہا ہے۔

کیٹی مِلرکا جمعہ کو کرونا وائرس کا مثبت نتیجہ آیا تھا،وہ حال ہی میں مائیک پینس سے تو رابطے میں رہی تھیں لیکن ان کا خود صدر ٹرمپ سے کوئی ٹاکرا نہیں ہوا تھا۔وہ صدر ٹرمپ کے ایک مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ ہیں۔وائٹ ہاؤس نے ابھی تک اس امر کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے کہ آیا اسٹیفن ملر کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے یا وہ وائٹ ہاؤس سے باہر رہ کرسرکاری کام کررہے ہیں۔

کیٹی ملر کا جمعرات کو بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن اس کا نتیجہ منفی آیا تھا جبکہ جمعہ کو مثبت آیا ہے۔اس پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’اسی بنا پر ٹیسٹوں کا پورا تصور ہی لازمی طور پر بہتر نہیں ہے۔ٹیسٹ بہتر ہیں لیکن ایک مرتبہ ٹیسٹ اچھا ہونے کے بعد بھی کچھ رونما ہوسکتا ہے۔‘‘

کیٹی ملر سے رابطے میں رہنے والے چھے افراد جمعہ کو نائب صدر کے ساتھ امریکی فضائیہ کے خصوصی طیارے ٹو پر ریاست آئیووا کے شہر دیس موئنس روانہ ہونے والے تھے لیکن طیارے کے اڑان بھرنے سے قبل انھیں اتار دیا گیا تھا۔ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیر عہدے دار کے مطابق ان میں کسی میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں لیکن انھیں حفظِ ماتقدم کے طور پر طیارے سے اتار لیا گیا تھا۔ بعد میں ان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان کے نتائج منفی آئے ہیں۔

خود نائب صدر مائیک پینس کے باقاعدگی سے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔کیٹی ملر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بہتر ہیں اور وہ صحت یاب ہونے کے بعد جلد کام پر واپسی کی منتظر ہیں۔

ان سے ایک روز قبل صدر ٹرمپ کے ایک خادم خاص کا کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔یہ خادم فوجی امریکی بحریہ سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ وائٹ ہاؤس میں برسرزمین کام کرتا تھا اور بالعموم صدر اور ان کے خاندان کے نزدیک ہی ہوتا تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کا شکار ہونے والا ملازم صدر کے لیے کھانے کا بندوبست کرتا تھا۔اس میں بدھ کی صبح کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری ہوگن گڈلے نے ایک بیان میں کہاکہ صدرڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے اس کے بعد کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،ان کا نتیجہ منفی آیا ہے اور ان دونوں کی صحت بہت اچھی ہے۔

صدر ٹرمپ ، وائٹ ہاؤس میں ان کے قریبی مصاحبین اور وہاں آنے والے مہمانوں کے وقفے وقفے سے باقاعدگی سے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ان کے پندرہ منٹ کے اندر نتائج آجاتے ہیں۔تاہم صدر ٹرمپ کے بالکل قریب آنے والے صحافیوں کے ٹیسٹ نہیں کیے جاتے ہیں اور انھیں صرف سکریننگ کے عمل سے گزارہ جاتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر اور نائب صدر کے تحفظ کے لیے اب زیادہ سخت حفاظتی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔