دورہ چین کامیاب رہا، کئی بڑے منصوبوں کے معاہدے ہو ئے، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

گوانگ ژو (جیوڈیسک) چین وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین ان کی توقعات سے بھی زیادہ کامیاب رہا، کاشغر گوادر پروجیکٹ سے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہوگا ، انہو ں نے اعلان کیا کہ چینی منصوبوں گی نگرانی کیلئے وزیراعظم ہاوس میں خصوصی سیل بنایا جائے گا۔

گوانگ ژو میں ذرائع سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہاکہ کاشغر گوادر پروجیکٹ خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا ، وہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں ، اس پروجیکٹ سے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہوگا۔چینی منصوبوں کی نگرانی کیلئے وزیراعظم ہاوس میں خصوصی سیل بنایا جائیگا۔

میاں نواز شریف نے کہاکہ دورہ چین میں کراچی لاہور موٹر وے کے معاہدے پر بھی دست خط ہوئے ہیں ، اس منصوبے کو بھی جلد سے جلد شروع کریں گے ، جبکہ کراچی اور لاہور میں میٹرو بس سروس بھی شروع کرنے پر بات ہوئی ہے۔ توانائی کے بحران پر زور دیتے ہو ئے نواز شریف نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایا کاری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ الزام تراشی میں نہیں پڑنا چاہتے لیکن اگر گذشتہ حکومت توانائی کے بحران پر کام کرتی تو آج لوڈشیڈنگ کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ دیامر سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، چینی رہنماوں کو اپنے شہریوں کی فکر ہے، امن و امان کے قیام کے لیے تمام ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔