ووٹ فروخت کرنے کا الزام، وزیر قانون خیبر پختونخوا سلطان محمد مستعفی

Sultan Muhammad

Sultan Muhammad

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ فروخت کرنے کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیرقانون خیبر پختونخوا سلطان محمد نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر استعفیٰ دے دیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کو ہدایات جاری کی تھیں۔

وزیراعظم کا حکم موصول ہوتے ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیر قانون سلطان محمد سے استعفا طلب کیا تھا۔

وزیرقانون سلطان محمد نے وزیراعلیٰ محمود خان کو استعفیٰ ارسال کردیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں میرا نام بھی آیا ہے، اخلاقی طور پر اپنا استعفیٰ دے رہا ہوں۔

سلطان محمد کا کہنا ہے کہ آپ کی کابینہ میں کام کرنا میرے لیے اعزاز تھا، میں غیر مشروط طور پر ہر قسم کی انکوائری کیلئے تیار ہوں، پر اعتماد ہوں کہ انصاف ہوگا اور میرا نام کلیئر ہوجائے گا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ انہوں نے سلطان محمد خان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے 2018 سینیٹ الیکشن میں مبینہ خریدوفروخت کی ویڈیو کی شفاف انکوائری کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ کےپی حکومت وزیراعظم کےوژن کےمطابق شفافیت اوریکساں احتساب پرسمجھوتہ نہیں کریگی۔