میں جنگ نہیں چاہتا، ایران کو حملے کا انتباہ کیا اور نہ کوئی پیغام بھیجا : امریکی صدر

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے ایران کو کسی فوجی حملے کا انتباہ کیا اور نہ اس سے متعلق کوئی پیغام بھیجا ہے۔

ان کی اس وضاحت سے چندے قبل ایرانی ذرائع نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کو سلطنت آف عُمان کے ذریعے امریکا کے کسی ناگزیر حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا لیکن انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ جنگ کے خلاف ہیں اور ایران سے بات چیت چا ہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو این بی سی کے پروگرام ’ میٹ دا پریس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’’ میں نے ایسا کوئی پیغام نہیں بھیجا تھا کیونکہ میں کوئی جنگ نہیں چاہتا ہوں ‘‘۔

ان سے جب سوال پوچھا گیا کہ کیا ایران ایسا چاہتا ہے؟اس کے جواب میں وہ یوں گوئے :’’ میرے خیال میں وہ( ایرانی ) مذاکرات چاہتے ہیں اور میرا یہ بھی خیال ہے کہ وہ ایک ڈیل چاہتے ہیں۔میری ڈیل تو جوہری ہوگی ۔میں نہیں چاہتا کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل کریں‘‘۔