وزیرآباد کی خبریں 19/9/2017

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) رکن قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ این اے 120میں مسلم لیگ ن کی کامیابی مخالفین کے منہ پرزور دار طمانچہ ہے عوام کے دلوں میں آج بھی وزیر اعظم نوازشریف ہی ہیں بیگم کلثوم نواز کی بڑے مارجن سے کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کیخلاف جاری پروپیگنڈہ کو سختی سے مسترد کردیا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ قوم مسلم لیگ(ن) کیساتھ ہے جو سب سے بڑی عوامی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باشعور عوام اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جس کی منزل ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان ہے۔ محمد نواز شریف سے عوام محبت کرتے ہیں اور اس محبت کو کسی طرح عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے کہا کہ حلقہ 120میں کامیابی حق کی فتح اور ان منفی قوتوں کی شکست ہے جو ملک کو پسماندگی ، انارکی اورجہالت کے تاریک اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔آئندہ عام انتخابات میں عوام ایک بار پھر میاں نواز شریف کووزیراعظم بنوا کردم لیں گے۔انہوںنے کہا کہ مریم نواز نے تن تنہا الیکشن کمپین چلائی اور کامیابی حاصل کی جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔مسلم لیگ ن کے لوگوں کو رات کے اندھیرے میں گھروں سے غائب کرنے کی پرزرو مذمت کرتے ہیں مخالفین کو یہ بات سمجھ آجانی چاہیے کہپاکستان کے لوگ مسلم لیگ ن پر اظہار اعتماد کرتے ہیں عمران خان کرپشن کا واویلا مچانے کے بجائے خیبر پختونخواہ پر توجہ دیں انشاء اللہ 2018میں خیبرپختونخواہ کے لوگ عمران نیاز ی کی پالیسیوں کو مسترد کر دینگے اور مسلم لیگ (ن )کو ووٹ دیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے ملک تیزی سے ترقی کی جانب بڑھے گا اور غربت کا خاتمہ ہوگا ۔

وزیرآباد(نامہ نگار)سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ اشفاق احمد خان کی خصوصی ہدایات پرشہر کے مصروف ترین علا قوں جی ٹی روڈ، احمد نگر روڈ، سرکلر روڈ ، مین بازارمیںفلیگ مارچ کیا گیا جسکی قیادت ڈی ایس پی محمد اکرام خان کررہے تھے۔فلیگ مارچ میں سرکل پولیس کے ایس ایچ اوزاور سینکڑوں اہلکار وں نے حصہ لیا۔ڈی ایس پی محمد اکرام خان، ایس ایچ او ملک عامر اوررسرفراز رانجھا نے اے ٹی وی نیوز کو بتایا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام کو یہ باور کروانا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے تحفظ کیلئے پوری طرح متحرک اورسماج دشمن عناصر سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ ۔محرم الحرام میں آٹھ سو سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جلوسوں کے راستوں کی مکمل نگرانی اور جلوس میں شامل ہونے سے پہلے تمام افراد کی چیکنگ کی جائے گی۔فلیگ مارچ میں شامل سائرن بجاتی پولیس کی گاڑیاں جہاں سے گزرتیں لوگ انہیں دیکھنے کیلئے کھڑے ہوجاتے مختلف علاقوں کا چکر لگانے کے بعد مارچ ڈی ایس پی آفس جا کر اختتام پذیر ہوگیا۔

وزیرآباد(نامہ نگار)نجی ہسپتال میں بطور لیب اسسٹنٹ کام کرنے والے نوجوان کے اغواء کا خدشہ چار روز قبل ہسپتال سے گھر کھانا کھانے کیلئے نکلا مگر گھر نہ پہنچ سکا، والدین پریشان۔ پولیس سے مدد کا مطالبہ۔ مقامی تھانہ سٹی میں گزاری گئی درخواست میںڈسکہ روڈحاجی پورہ کے رہائشی طاہر محمود ولد ثناء اللہ خان نے بیان کیا ہے کہ وہ محنت مزدوری کرتا ہے جبکہ اس کا بیٹا فہداقراء میڈیکل کمپلیکس میں بطور لیب اسسٹنٹ کام کرتا ہے جو16ستمبر2017ء کو بوقت قریب سوا9بجے رات کھانا کھانے کیلئے ہسپتال سے گھر کی جانب نکلا مگر گھر نہ پہنچ سکا ہے جبکہ اس کے بیٹے کے زیر استعمال موبائل نمبر03127200195بھی مسلسل بند چلا آرہا ہے۔ اپنے طور پر تلاش کے باوجود سراغ نہیں لگ سکا ۔ خدشہ ہے کہ نامعلوم افراد نے درخواست گزار کے بیٹے کو اغواء کرلیا ہے ۔طاہر محمود نے پولیس حکام سے بیٹے کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرآباد(نامہ نگار)چیف ایگزیکٹو گیپکومجاہد اسلام باللہ نے کہا ہے کہ محرام الحرام کے مقدس ایام کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تمام چیف انجینئرز اور ایس ایز کے اعلیٰ سطحی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عزارداری کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے کسی جگہ تاروں کی رکاوٹ کو جلوسوں کے رستوں سے دور کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقہ کی مرکزی امام بارگاہوں کے سربراہان سے ملاقات کریں اور اُن کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل فوری طور پر حل کریں ۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ایام عاشور میں بجلی کی ترسیل میں خلل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس دوران ہمارا ایمرجنسی سٹاف اور گاڑیاں موقع پر مسلسل موجود رہیں جن کے پاس اضافی ٹرانسفارمر، پی وی سی کیبل اور دیگر ضروری سامان موجود ہو تاکہ بجلی سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فی الفور تدارک کیا جا سکے۔اجلاس میں جنرل مینجر آپریشن ہارون الرشید، چیف انجینئرز غضنفر عباس رضوی،محمد زاہدسلیم ، محمد ریاض،ایس ایز زاہد جاوید، عبدالرزاق، رفیق اقبال، پرویز اقبال، ارشد منیرو دیگر افسران بھی موجود تھے۔