میری نیک خواہشات نئی حکومت کے ساتھ ہیں، صدر زرداری

President Zardari

President Zardari

اسلام آباد(جیوڈیسک)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی میں تعاون پر چین کے شکر گزار ہیں اور اس کی ترقی کے تجربہ سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں،پہلی بار ایک جمہوری حکومت سے اقتدار دوسری جمہوری حکومت کو منتقل ہو رہا ہے اور میری نیک خواہشات نئی حکومت کے ساتھ ہیں۔وہ بدھ کویہاں ایوان صد ر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں پاکستان مسلم ن کے سربراہ میاں نوازشریف سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور دوسرے اہم پاکستانی اور چینی رہنماوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں چین ایک خصوصی مقام رکھتا ہے اور ان تعلقات کو بڑھانے کے لیے انہوں نے چین کے9 دورے کیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوچین کی ترقی پر فخر ہے اور ہم اس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں یہ تعلقات مزید فروغ پذیر رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔ صدر نے کہا چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار پالیسیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستان پورے خطے میں تجارت کے فروغ کیلئے اہم راہداری بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری بہت اہم ہے اور ہم آنیوالی نسلوں کا مستقبل روشن بنانے کیلئے اسے مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔