این اے 5 اور 27 میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی تحقیقات کا حکم

Election commission

Election commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 5 نوشہرہ اور این اے 27 لکی مروت میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے ان دونوں حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی خبروں کا ازخود نوٹس لیا تھا اور خواتین کے کم ٹرن آوٹ والے پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے احکامات دیے تھے۔

الیکشن کمیشن نے عدالتی احکامات کے تحت صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ این اے 5 نوشہرہ اور این اے 27 لکی مروت کے ڈی آر اوز کی سربراہی میں کمیٹیاں بنائی جائیں جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔ رپورٹ کی روشنی میں یہ تعین بھی کیا جائے کہ دوبارہ پولنگ کیلئے کتنے بیلٹ پیپرز اور دیگر سہولیات درکار ہوں گی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہی دوبارہ پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔