کارکنان اپنے قائد اور محمد نواز شریف کی 64 ویں سالگرہ منائیں گے

لاہور : کارکنان پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے قائد اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی 64 ویں سالگرہ آج بدھ 25 دسمبر کو بھر پور طریقے سے منائیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب آفس میں بھی تقریب کا انعقاد کیا جائیگا جہاں پرمسلم لیگ (ن) پنجاب کے انچارج اور مرکزی رہنماء سید سرفراز حیدر دیگر قائدین کے ہمراہ نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے محمد نواز شریف 25دسمبر 1949ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ وہ 6نومبر1990ء سے 18 اپریل 1993ء تک پہلی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم بنے۔وہ پانچویں اپوزیشن لیڈر کے طورپر بھی اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ نواز شریف 19 اکتوبر 1993ء سے لے کر 5نومبر 1996ء تک بطور قائد حزب اختلاف سیاسی میدان میں سرگرم عمل رہے۔

قبل ازیں نواز شریف 9اپریل 1985ء سے 13اگست 1990ء تک وزیر اعلیٰ پنجاب بھی رہے جبکہ اس وقت محمد خان جونیجو وزیر اعظم اور ٹکا خان گورنر پنجاب تھے۔نواز شریف دوسری مرتبہ بارہویں وزیر اعظم کے طور پر 17 فروری 1997ء سے لے کر 12اکتوبر 1999ء تک مسند اقتدار پر فائز رہے جبکہ 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد ایک بارپھر انہیں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے طور پر وطن عزیز کی خدمت کا شرف حاصل ہواہے اور وہ اس وقت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کے طور پر بھی اپنی خدمات کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔