ورلڈ کپ 2015 کا شیڈول جاری،پاکستان بھارت پندرہ فروری کو مدمقابل

World Cup 2015

World Cup 2015

دبئی (جیوڈیسک) دبئی آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ کا شیڈول جاری کر دیاہے، ٹورنامنٹ میں روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان پندرہ فروری کو جوڑ پڑے گا۔ کرکٹ کے عالمی کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر کریں گے ،گرینڈ ایونٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی،جس میں آئی سی سی کے دس رکن ممالک سمیت کوالیفائنگ رانڈ کی فاتح آئرلینڈ اور تین دیگر ٹیمیں شامل ہیں۔

پول بی میں پاکستان سمیت جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز،بھارت، زمبابوے آئر لینڈ اور ایک کوالیفائنگ ٹیم کو رکھا گیا ہے۔پول اے میں انگلینڈ،آسٹریلیا،سری لنکا،بنگلہ دیش،نیوزی لینڈ اور دو کوالیفائرز شامل ہیں، انیس سو بانوے کی عالمی چیمپئن پاکستان دفاعی چیمپئن اور روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں پندرہ فروری کو میدان میں اترے گا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 14 فروری سے 29 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا فائنل میلبورن کرکٹ گرانڈ میں شیڈول کیا گیا ہے ،جہاں انیس سو بانوے میں پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔