ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کامیابی

England Team

England Team

سڈنی (جیوڈیسک) ورلڈ کپ کے دیگر وارم اپ میچز میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کر لی۔ جبکہ نیوزی لینڈ اور زمبابوے کا میچ بارش کی نذر ہو گیا ۔ سڈنی میں ہونیوالے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 29 اعشاریہ تین اوورز میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

لینڈل سائمنز 45 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے انیس رنز کے عوض پانچ شکار کیے۔ سٹیون فن نے دو ، جورڈن ، بوپارا ، اور ٹریڈ ویل ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 22 اعشاریہ پانچ اوور میں حاصل کر لیا ۔ معین علی 46 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

آئین بیل 35 اور جیمز ٹیلر 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ کرائسٹ چرچ میں ہونیوالے ایک اور وارم اپ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ اینڈ لوئس سسٹم کے تحت ہوا ۔ جس میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا نے 44 اعشاریہ چار اوور میں سات وکٹ پر 279 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل کو روک دیا گیا ۔ پروٹیز کو 25 اوورز میں 188 رنز کا ہدف ملا جسے اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین گیند قبل ہی پورا کر لیا ۔ ادھر لینکولن میں ہونیوالا نیوزی لینڈ اور زمبابوے کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا ۔ کیویز نے سات وکٹوں پر 157 رنز بنائے تھے کہ بارش کے کھیل نے وارم میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا۔