بد ترین لوڈ شیڈنگ نے پاکستانی عوام کی زندگی مشکل بنا دی

Load shedding

Load shedding

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے سولہ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہوگئی ہے۔ طویل اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے پاکستانی عوام کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے۔ کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی عدم فراہمی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ نارتھ ناظم آباد، پہاڑ گنج ڈسلوا ٹاون میں پندرہ گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی۔ جس پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔ انچولی سمیت متعدد علاقوں میں رات گئے بجلی کے وولٹیج انتہائی کم ہونے سے کئی گھریلو اشیا خراب ہوگئیں۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام کا احتجاج جاری ہے۔ کلروالی میں بھی واپڈا کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کراچی روڈ کو بلاک کر دیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بارہ سے تیرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔